وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج پر سیاست نہ کی جائے اور حکومت ہر ممکن سہولت دینے کو تیار ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کی تکلیف کی شکایت پر جنوری میں طبی سہولیات فراہم کی گئی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ 9 دسمبر کو چار رکنی میڈیکل بورڈ نے جیل میں بانی پی ٹی آئی کا مکمل طبی معائنہ کیا اور ضروری ٹیسٹ کیے۔ ان کے مطابق تحریک انصاف کے علاج سے متعلق بیانات حقائق کے برعکس ہیں، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی بہن نے دسمبر میں ان سے ملاقات کی اور طبی معائنے کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا بلڈ پریشر روزانہ چیک کیا جاتا ہے اور ان کی صحت کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔ طارق فضل چودھری نے واضح کیا کہ حکومت بانی پی ٹی آئی کے علاج کے لیے ہر ممکن سہولت دینے کو تیار ہے اور عدالت عظمیٰ کی ہدایات پر عمل کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیماری پر سیاست کرنا مکروہ فعل ہے اور اس معاملے کو غیر ضروری طور پر متنازع نہیں بنانا چاہیے۔ چیف جسٹس خود معاملے کو دیکھ رہے ہیں اور تمام اقدامات قانون کے مطابق کیے جا رہے ہیں۔














