فواد چوہدری نے بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کی حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز)سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کی حالت پر پریشان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قید کے دوران بانی پی ٹی آئی کو قید تنہائی میں رکھا گیا جس کے باعث ان کی آنکھ ضائع ہوئی اور بلڈ پریشر کا اثر ہوا۔ دنیا بھر میں جمہوریت کے حامی بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور علاج کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اٹارنی جنرل کی جانب سے عدالت میں دی گئی یقین دہانی کے مطابق فوری میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے اور بانی پی ٹی آئی کی قید تنہائی ختم کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو چار سال سے زائد ہوگئے ہیں، لیکن ان کے دور میں پاکستانی عوام کی حالت بدتر ہو چکی ہے۔
جمشید چیمہ نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت پر بانی پی ٹی آئی کے خلاف ذاتی دشمنی کا الزام لگایا اور ان پر ٹارچر کا ذکر کیا۔ انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ ان اقدامات کے نتائج خطرناک ہو سکتے ہیں اور بانی پی ٹی آئی کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس سے قبل انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے نو مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان اور عظمیٰ خان سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں تین اپریل تک توسیع کر دی۔













