عمران خان کی اڈیالہ سے اسلام آباد جیل منتقلی کا امکان، دو ماہ میں جیل مکمل ہوگی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اڈیالہ جیل سے اسلام آباد جیل منتقلی کا عندیہ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سابق وزیراعظم کو اسلام آباد کی عدالت سے سزا ہوئی تو انہیں اسلام آباد جیل منتقل کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دو ماہ میں اسلام آباد جیل مکمل ہو جائے گی جہاں طبی سہولیات موجود ہوں گی۔ صحافی کی جانب سے سوال پر انہوں نے وضاحت کی کہ عمران خان کو سزا اسلام آباد کی عدالت سے ہونے پر اسلام آباد جیل میں منتقل کیا جائے گا۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس کی پاسنگ آؤٹ تقریب میں وزیر داخلہ نے دہشت گردی سے لڑنے والی فورس کی تعریف کی اور فورس کی تربیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ٹریننگ اسکولز کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے عمران خان کی صحت پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو مطلوبہ طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور ان کی صحت پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم کو خط لکھ کر عمران خان کی صحت پر تشویش کا اظہار کیا اور مکمل طبی معائنہ کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ انسانی حقوق کا مسئلہ ہے اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ قیدی کو مناسب طبی سہولیات فراہم کرے۔














