محمد علی درانی نے کہا کہ زرداری اور نواز شریف کی مشاورت کے تحت عمران خان کو متحدہ عرب امارات بھیجنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سینئر سیاستدان محمد علی درانی نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری اور نواز شریف کے درمیان سیاسی مفاہمت کے تحت عمران خان کو متحدہ عرب امارات بھیجنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
محمد علی درانی نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان ‘کچھ دو کچھ لو’ کے اصول کے تحت بات چیت جاری ہے جس میں نواز شریف اور رانا ثناء اللہ اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
درانی نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنی والدہ کی برسی کے موقع پر زرداری صاحب سے مفاہمت پر زور دیا، جس کے بعد زرداری خاموشی سے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے عمران خان کی صحت کے حوالے سے حکومتی رویے پر تنقید کی اور کہا کہ زرداری اور نواز شریف نے بھی اسی صورتحال کا سامنا کیا ہے۔
محمد علی درانی نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کی جیل میں موجودگی حکمران جماعتوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے اور ان کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔














