مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب کے ہسپتالوں کی ایمرجنسیز کو سیف سٹی سے منسلک کر دیا گیا ہے، صحت کے شعبے کی ترقی کے لیے 630 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ صوبے کے تمام ہسپتالوں کی ایمرجنسیز کو سیف سٹی کے نظام کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت صحت کے شعبے میں اہم ہے، اور دس ہزار سے زائد بچوں کی دل کی سرجری کے ذریعے ان کی زندگیاں بچائی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جدید آلات اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے صحت کے شعبے میں انقلاب ممکن ہے، اور بچوں کی پیچیدہ ہارٹ سرجریز کے لیے ماہر سرجنز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور غریب کا پیسہ کرپشن کی نذر نہیں ہونے دیا جائے گا۔
مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب میں صحت کے شعبے کے لیے 630 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے اور شعبے کی ترقی کے لیے بھرپور کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی حاضری کو یقینی بنایا جائے گا اور تمام ایمرجنسیز کو سیف سٹی کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے، اور فائر سیفٹی سسٹم کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نئے ڈاکٹرز اور نرسز کی بھرتی کی گئی ہے اور انسانی زندگیاں بچانے کو ڈاکٹرز کا مشن ہونا چاہیے۔















