رنویر سنگھ اور روہت شیٹی کو بشنوئی گینگ کی جانب سے نئی دھمکیاں دی گئی ہیں، جن میں ان کی ذاتی معلومات کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
ممبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بولی وڈ اداکار رنویر سنگھ اور فلمساز روہت شیٹی کو لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے تازہ دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔ یہ دھمکیاں پولیس میں شکایت درج کرنے کے بعد سامنے آئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ دھمکیاں گینگ کے رکن ہیری باکسر کی طرف سے دی گئی ہیں۔ رنویر اور روہت نے پولیس سے رجوع کیا، تو گینگ نے انہیں براہ راست نقصان پہنچانے کی دھمکی دی اور کہا کہ پولیس کی تفتیش ان پر اثر نہیں ڈالے گی۔
وائس نوٹ کے ذریعے کہا گیا کہ ‘آپ کی اگلی سات نسلیں بھی ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکیں گی’۔ یہ بیان فلم انڈسٹری میں تشویش کا باعث بنا ہے۔ پولیس اور سیکیورٹی ادارے بشنوئی گینگ سے منسلک دھمکیوں کے باعث چوکس ہیں، کیونکہ یہ گینگ پہلے بھی تفریحی صنعت کی اہم شخصیات کو نشانہ بنا چکا ہے۔
تشویش کی بات یہ ہے کہ گینگ مبینہ طور پر رنویر اور روہت کی ذاتی معلومات سے بھی آگاہ ہے، جیسے کہ ان کے مینیجرز کے رہائشی مقامات اور روزمرہ کی نقل و حرکت۔
ممبئی کرائم برانچ نے رنویر سنگھ کے مینیجر کو بھیجے گئے واٹس ایپ وائس نوٹ کا سراغ لگایا، جس میں ایک کروڑ روپے کے مطالبے کا ذکر تھا۔ ابتداءی تحقیقات کے مطابق وائس نوٹ ہیری باکسر کا ہی لگتا ہے۔ تاحال رنویر سنگھ اور روہت شیٹی کی طرف سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔













