سی ڈی ڈبلیو پی نے 160.2 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی، جن میں صحت، ہاؤسنگ اور ٹرانسپورٹ شامل ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے 160.2 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا جس میں صحت، ہاؤسنگ اور ٹرانسپورٹ کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں 8.5 ارب روپے کے 2 منصوبے منظور کیے گئے جبکہ 151.7 ارب روپے کے 4 بڑے منصوبے ایکنک کو بھیج دیے گئے۔ سندھ کے ہیومن کیپیٹل 1000 ڈیز پروگرام کو بھی منظوری کے لیے ایکنک کو بھیجا گیا جس کا مقصد ماں اور بچے کی صحت اور غذائیت کو بہتر بنانا ہے۔
پلاننگ کمیشن کے مطابق حیدرآباد اور کراچی اربن انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پیکجز کی منظوری دے دی گئی۔ سندھ فلڈ ایمرجنسی اسسٹنس منصوبہ بھی ایکنک کو بھیجا گیا، جس کی 87 فیصد فنڈنگ ایشین ڈویلپمنٹ بینک کرے گا۔ بلوچستان میں لیاری سے لاکھڑا اور اُتھل سے لاکھڑا بی ٹی روڈ کی بحالی کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔
مزید برآں ونڈر ڈیم منصوبے کا نظرثانی شدہ پی سی ون بھی منظور ہوا جس سے آبپاشی اور پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 9 سیرت چیئرز کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔













