وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ ٹیکنالوجی معیشت کی بنیاد ہے اور اصلاحات میں تاخیر مہنگی ثابت ہو سکتی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ ٹیکنالوجی اب کوئی آپشن نہیں بلکہ معیشت کی بنیاد بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مصنوعی ذہانت، ڈیٹا اینالیٹکس اور آٹومیشن کے عالمی رجحانات سے ہم آہنگ ہونے کی ضرورت ہے۔
جام کمال نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجینئرنگ پر مبنی صنعتی تبدیلی اور اکیڈیمیا و صنعت کے درمیان مضبوط روابط کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید انجینئرنگ اور تکنیکی مہارتوں میں سرمایہ کاری سے عالمی مسابقت میں اضافہ ممکن ہے۔
وزیر تجارت نے مزید کہا کہ اصلاحات میں تاخیر قومی معیشت کے لیے مہنگی ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے معدنی وسائل، کاپر اور ریئر ارتھ عناصر کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بروئے کار لانا ضروری ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور ڈیجیٹل معیشت کے شعبوں میں مہارت حاصل کرنے کی ترغیب دی۔













