یو اے ای نے پاکستان کا 2 ارب ڈالر قرض دو ماہ کے لیے بڑھا دیا، آئی ایم ایف اقتصادی جائزے کی تیاری جاری۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے ذمہ دار دو ارب ڈالر کا قرض دو ماہ کے لیے رول اوور کر دیا ہے۔ پاکستان کو یہ قرض اپریل میں ادا کرنا تھا جبکہ ایک ارب ڈالر جولائی میں واجب الادا ہیں۔
وزارت خزانہ کے حکام کے مطابق حکومت نے یو اے ای کو دو سال کے لیے قرض رول اوور کی درخواست کی تھی، جو آئی ایم ایف کی جانب سے اقتصادی جائزہ کامیاب بنانے کے لیے کی گئی۔ یو اے ای کو قرض پر سالانہ 6.5 فیصد شرح سود ادا کیا جائے گا۔
عالمی مالیاتی فنڈ کا وفد 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کے تحت تیسرے اقتصادی جائزے کے لیے رواں ماہ کے آخری ہفتے میں پاکستان پہنچے گا۔ کامیاب مذاکرات کے بعد پاکستان کو آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر کی اگلی قسط ملے گی۔
آئی ایم ایف کو مذاکرات کے دوران بیرونی فنانسنگ کے انتظامات مکمل ہونے کی یقین دہانی بھی کروائی جائے گی۔ تیسرے اقتصادی جائزے کے بعد یو اے ای کے ساتھ حکومت مزید بات چیت کرے گی۔
وزارت خزانہ کے حکام کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام کے تحت فنانسنگ کے انتظامات مکمل ہیں اور دوست ممالک کے ساتھ قرض رول اوور کا سلسلہ جاری رہے گا۔













