وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے معاشی استحکام اور ٹیکس نیٹ کی وسعت پر زور دیا، برآمدی مواقع پر بات چیت کی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کا ہدف معاشی استحکام اور ٹیکس نیٹ کی وسعت کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریک اینڈ ٹریس نظام کی بدولت محصولات میں بہتری آئی ہے۔
وزیر خزانہ کی برٹش امریکن ٹوبیکو کے وفد سے ملاقات میں انہوں نے مالی نظم و ضبط کے ذریعے بوم اینڈ بسٹ سائیکل کے خاتمے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام شعبوں میں ٹیکس تعمیل کو بہتر بنایا جا رہا ہے اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چینی، سیمنٹ، ٹوبیکو، ٹیکسٹائل اور بیوریجز سیکٹر میں نفاذ سخت کیا گیا ہے اور غیر قانونی سگریٹ سازی کے خلاف ریکارڈ کارروائیاں کی گئی ہیں۔ ملاقات میں پاکستانی تمباکو کی برآمدی مواقع پر بھی گفتگو کی گئی۔
محمد اورنگزیب نے برآمدی مسابقت کیلئے ریگولیٹری ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا اور بتایا کہ حکومت پالیسی بہتری کیلئے تعمیری مشاورت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طویل مدتی حکمت عملی برآمدات میں اضافے پر مرکوز ہے۔













