ٹھٹھہ: وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ K-4 منصوبہ دسمبر 2026 تک مکمل ہوگا، جس کے تحت کراچی کو یومیہ 260 ملین گیلن پانی فراہم کیا جائے گا۔
ٹھٹھہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ K-4 منصوبے کے تحت کراچی کو یومیہ 260 ملین گیلن پانی فراہم کیا جائے گا اور منصوبہ دسمبر 2026 تک مکمل ہوگا۔
احسن اقبال نے K-4 منصوبے کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر دورہ کیا اور واپڈا کی کارکردگی اطمینان بخش ہے۔ منصوبے کی ابتدائی لاگت 120 ارب روپے تھی، جو نظر ثانی کے بعد 170 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ دسمبر تک پانی کراچی شہر تک پہنچا دیا جائے گا جبکہ شہر کے اندر تقسیم کا نظام سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ لائننگ کا کام جاری ہے تاکہ پانی کے ضیاع کو روکا جا سکے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی پاکستان کا بڑا معاشی اثاثہ اور انجن آف گروتھ ہے۔ کراچی، حیدرآباد، سکھر موٹر وے کے لیے اسلامی ترقیاتی بینک سے معاہدہ ہو چکا ہے اور منصوبے کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔












