اسلام آباد میں سلمان اکرم راجہ نے اعلان کیا کہ عبدالغفور انجم کے خلاف مقدمہ دائر کیا جائے گا کیونکہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کی بینائی متاثر ہو چکی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ سابق سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عبدالغفور انجم کے خلاف مقدمہ دائر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کی بینائی متاثر ہونے پر عبدالغفور انجم کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ایک آنکھ کی بینائی مکمل ختم ہو چکی ہے اور وہ صرف روشنی دیکھ سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا علاج اُن ڈاکٹرز سے کروایا جائے جن پر ان کے اہل خانہ کو اعتماد ہو۔
سلمان اکرم نے مزید کہا کہ عبدالغفور انجم کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا کیونکہ بانی کی آنکھ میں تکلیف کے باوجود انہیں سادہ سا ڈراپ دیا گیا۔
بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا کہ کئی ہفتوں تک نہیں بتایا گیا کہ بانی کی آنکھ خراب ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق سپرنٹنڈنٹ کو تین ماہ سے آگاہ کیا جا رہا تھا کہ بانی کی آنکھ میں تکلیف ہے۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا علاج شفاء میں ان کے ذاتی معالج کی موجودگی میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بانی نے واضح کیا کہ وہ اپنے مؤقف پر قائم رہیں گے۔














