وزارت ہاؤسنگ نے سرکاری ملازمین کی رہائش کے لیے نئی پالیسی منظور کی، جس سے ہائرنگ کا عمل شفاف اور آسان ہو جائے گا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات نے سرکاری افسران اور ملازمین کے لیے نئی ڈی سینٹرلائزیشن پالیسی منظور کر لی ہے، جس سے رہائش ہائر کرنے کا عمل شفاف اور آسان ہو جائے گا۔
وزارت کے اعلامیے کے مطابق یہ پالیسی تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو عملدرآمد کے لیے سرکولیٹ کر دی گئی ہے۔ جوائنٹ سیکرٹری وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات فیاض الحق نے اس حوالے سے آفس میمورنڈم جاری کر دیا ہے۔
پالیسی کے تحت وزارتوں کو اپنے ملازمین کے لیے رہائش ہائر کرنے کی اجازت اپنے بجٹ کے اندر رہتے ہوئے دی گئی ہے، جس کا مقصد اخراجات کو کنٹرول کرنا اور سہولتوں کے حصول کے عمل کو مؤثر بنانا ہے۔
نئی پالیسی کے تحت مختلف وزارتوں اور اداروں کو اپنے ملازمین کی رہائش کے معاملات میں زیادہ انتظامی خودمختاری ملے گی، جس سے فیصلوں میں تاخیر کم ہوگی اور بروقت سہولت مہیا ہو سکے گی۔
یہ پالیسی گریڈ ایک سے لے کر گریڈ بائیس تک کے تمام سرکاری ملازمین پر لاگو ہوگی، جس سے رہائشی سہولتوں کی فراہمی کا نظام مزید منظم ہو جائے گا۔














