بنگلا دیش نے سکیورٹی خدشات کے باعث بھارت میں ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت سے انکار کر دیا، آئی سی سی نے پابندی نہ لگانے کا اعلان کیا۔
ڈھاکہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بنگلا دیش کے مشیر برائے کھیل، آصف نذرل نے کہا ہے کہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے بھارت نہ جانے کا فیصلہ حکومت نہیں بلکہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) اور کھلاڑیوں نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ ٹیم کی ورلڈ کپ سے غیر موجودگی پر کسی قسم کا افسوس نہیں کیونکہ یہ فیصلہ قومی وقار، عوام اور کرکٹ کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا۔ بنگلا دیش نے سکیورٹی خدشات کے باعث بھارت میں ٹی20 ورلڈ کپ کھیلنے سے انکار کیا تھا اور آئی سی سی سے میچز کسی دوسرے ملک منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
آئی سی سی کی جانب سے درخواست مسترد ہونے کے بعد بنگلا دیش نے شرکت سے انکار کیا جس کے بعد اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کیا گیا۔ حالیہ مذاکرات کے بعد آئی سی سی نے بنگلا دیش کے خلاف کسی قسم کی پابندی نہ لگانے کا اعلان کیا ہے جبکہ مستقبل میں ایک عالمی ایونٹ کی میزبانی دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
آصف نذرل نے اس پیش رفت کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بنگلا دیش نے کرکٹ ڈپلومیسی کے ذریعے اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ مبصرین کے مطابق اس معاملے نے عالمی کرکٹ میں سیاست اور سکیورٹی معاملات کے اثرات کو بھی نمایاں کر دیا ہے۔















