پنجاب پولیس کے اہلکاروں کو دو ماہ میں باڈی کیمرے ملیں گے، آئی جی پنجاب نے تھانوں میں پینک بٹن نصب کرنے کا اعلان کیا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب پولیس کے اہلکاروں اور ٹریفک اسٹاف کو دو ماہ کے اندر مرحلہ وار باڈی کیمرے فراہم کیے جائیں گے، یہ اعلان انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عبدالکریم نے سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں ‘فاسٹ، فیئرلیس، ٹرانسپیرنٹ جسٹس’ اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
آئی جی پنجاب نے شہریوں کی شکایات کے فوری اندراج کے لیے تھانوں کے باہر پینک بٹن نصب کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تمام تھانوں، دفاتر، ناکوں اور خدمت مراکز پر شہریوں کو عزت و احترام سے مخاطب کیا جائے۔ افسران اور اہلکاروں کی تربیت اور کونسلنگ کا بھی انتظام ہوگا۔
اجلاس میں کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور بدسلوکی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ تمام تھانوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو فعال رکھنے اور بیک اپ نظام یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
آئی جی نے ٹریفک قوانین کی سختی سے عمل درآمد اور خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ تفتیشی عمل اور تھانوں میں شہریوں کی سرگرمیوں کی مکمل ریکارڈنگ ہوگی اور کارکردگی جانچنے کے لیے اسکور کارڈ کا نفاذ ہوگا۔















