سعودی عرب کی کنگ عبداللہ یونیورسٹی نے پاکستانی طلبہ کے لیے مکمل فنڈڈ انٹرن شپ پروگرام کا اعلان کیا ہے، جس میں ایک ہزار ڈالر ماہانہ وظیفہ، رہائش اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔
ریاض: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سعودی عرب کی کنگ عبداللہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (KAUST) نے پاکستانی طلبہ کے لیے مکمل فنڈڈ انٹرن شپ پروگرام کا اعلان کیا ہے۔ اس پروگرام میں ایک ہزار ڈالر ماہانہ وظیفہ، رہائش، ہوائی ٹکٹ اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔
یہ پروگرام دنیا بھر کے انڈرگریجویٹ اور ماسٹرز طلبہ کے لیے دستیاب ہے اور سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے شعبوں میں مواقع فراہم کرتا ہے۔ انٹرن شپ کی مدت 3 سے 6 ماہ ہوگی اور شرکا عالمی شہرت یافتہ فیکلٹی کی نگرانی میں تحقیقی منصوبوں پر کام کریں گے۔
درخواست دہندگان کو کم از کم جی پی اے 3.5 ہونا چاہیے، جبکہ انگریزی زبان پر عبور ضروری ہے۔ درخواستیں آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہیں، جن کے لیے تازہ ترین سی وی، تعلیمی ٹرانسکرپٹ، سفارشی خط اور کارآمد پاسپورٹ کی نقل درکار ہوگی۔
KAUST کا وزٹنگ اسٹوڈنٹ ریسرچ پروگرام ابھرتے ہوئے محققین کے لیے عالمی سطح پر تسلیم شدہ پلیٹ فارم ہے جو تحقیقی مہارتوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوتا ہے۔















