بنگلہ دیش میں آج کے انتخابات کی نگرانی 55 ہزار مبصرین کر رہے ہیں، 200 غیر ملکی صحافی بھی موجود ہیں۔
ڈھاکہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کا تختہ الٹنے کے بعد ہونے والے آج کے انتخابات کی نگرانی کے لیے 55 ہزار سے زائد مبصرین سرگرم ہیں۔ بنگلہ دیشی الیکشن کمیشن کے مطابق، 81 مقامی تنظیموں سے تقریباً 55 ہزار 454 مبصرین جبکہ 394 غیر ملکی مبصرین انتخابات کی نگرانی کر رہے ہیں۔
تقریباً 200 غیر ملکی صحافی بھی انتخابات کی کوریج کے لیے موجود ہیں۔ بین الاقوامی مبصرین میں 80 مختلف عالمی تنظیموں کی نمائندگی کرتے ہیں جبکہ باقی مختلف ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔ اہم بین الاقوامی تنظیموں میں ایشین نیٹ ورک فار فری الیکشنز، دولتِ مشترکہ سیکرٹریٹ، انٹرنیشنل ریپبلکن انسٹی ٹیوٹ اور نیشنل ڈیموکریٹک انسٹی ٹیوٹ شامل ہیں۔
مبصرین 21 ممالک سے آئے ہیں جن میں پاکستان، سری لنکا، ترکی، ایران، چین، جاپان، جنوبی کوریا اور دیگر شامل ہیں۔ وزارتِ خارجہ اور الیکشن کمیشن کے مطابق، کئی تنظیموں کے 51 مبصرین انفرادی حیثیت میں بھی انتخابات کی نگرانی کر رہے ہیں۔
بنگلہ دیشی الیکشن کمیشن نے منصفانہ انتخابات کے لیے 9 لاکھ 58 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات کیے ہیں تاکہ عوام بلاخوف و خطر ووٹ ڈال سکیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ملک کے استحکام کے لیے کسی پارٹی کی واضح برتری ضروری ہے کیونکہ شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خلاف احتجاجی لہر کے اثرات ابھی تک موجود ہیں۔














