خیبرپختونخوا کابینہ نے رمضان پیکیج کی منظوری دیتے ہوئے 10 لاکھ 63 ہزار افراد کو 12500 روپے فراہم کرنے کا اعلان کیا، جبکہ مختلف ترقیاتی منصوبے بھی منظور کیے گئے۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبرپختونخوا کابینہ نے رمضان پیکیج کی منظوری دیتے ہوئے 10 لاکھ 63 ہزار کم آمدنی والے افراد کو فی خاندان 12500 روپے فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مشیر خزانہ مزمل اسلم نے بتایا کہ مہنگائی کے باعث پیکیج کو 25 فیصد بڑھا دیا گیا ہے۔
کابینہ نے ہندو میرج ترمیمی بل، کیلاش میرج بل اور نیشنل کمیشن برائے اقلیتی حقوق کے ارکان کی تقرری کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ لیویز شہداء کے لواحقین کے لیے 385 ملین روپے کی اضافی گرانٹ منظور کی گئی۔ ضلع ٹانک میں نئی تحصیل کے قیام اور ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال ڈی آئی خان کے لیے اضافی گرانٹ بھی منظور کی گئی۔
خیبرپختونخوا میں آن لائن تعلیم کے پائلٹ منصوبے کی لاگت بڑھانے اور 958 ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں آئی ٹی لیبز فعال بنانے کا منصوبہ منظور کر لیا گیا۔ باڑہ میں فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ کی تعمیر اور خواتین کو بااختیار بنانے کی پالیسی 2026 تا 2030 کا مسودہ بھی منظور ہوا۔
پنجاب میں 47 ارب روپے کے رمضان نگہبان پیکج کے تحت 42 لاکھ مستحق خاندانوں میں کارڈز کی تقسیم کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ہر خاندان کو 10 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔ یہ عمل یکم مارچ تک مکمل ہوگا۔














