وفاقی محتسب نے ای او بی آئی کو خواتین کی 55 برس کے بعد پنشن شراکت تسلیم کرنے کا حکم دیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت نے ای او بی آئی کو ہدایت دی ہے کہ وہ خواتین ملازمین کی 55 برس کی عمر کے بعد بھی پنشن میں شراکت تسلیم کرے۔
وفاقی محتسب فوزیہ وقار نے یہ فیصلہ جاری کیا جس کے مطابق 55 برس کی عمر کے بعد بھی ملازمت جاری رکھنے والی خواتین ای او بی آئی میں پنشن میں شراکت جاری رکھنے کی حقدار ہیں۔
فوسپاہ کے مطابق قانون خواتین کو جلد پنشن لینے کا حق دیتا ہے لیکن یہ ضروری نہیں کہ وہ 55 برس کی عمر میں لازمی ریٹائرڈ ہوں۔ ای او بی آئی ایکٹ 1976 بھی خواتین کو 55 برس کے بعد ملازمت جاری رکھنے سے نہیں روکتا۔
محتسب نے کہا کہ مرد ملازمین کو 60 سال اور خواتین کو 55 برس تک ای او بی آئی میں شراکت کی اجازت دینا صنفی امتیاز ہے۔ ای او بی آئی نے شراکت تسلیم کرنے سے انکار کیا تھا جس کے خلاف درخواست گزار نے فوسپاہ سے رجوع کیا۔















