صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستانی خواتین کی سائنس اور ٹیکنالوجی میں کردار کو سراہتے ہوئے قومی ترقی میں ان کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے سائنس میں خواتین اور لڑکیوں کے عالمی دن کے موقع پر پاکستانی خواتین کی صلاحیت، عزم اور حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین سائنس اور ٹیکنالوجی میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور قومی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔
صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان خواتین کو تعلیم اور سائنسی قیادت میں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے CEDAW کے تحت اپنے وعدوں پر قائم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جامعات میں خواتین طلبا کا تناسب 50 فیصد سے تجاوز کر جانا خوش آئند ہے، جو تعلیم اور تحقیق میں ان کی پیشرفت کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین انجینئرنگ، میڈیکل، کمپیوٹنگ اور بایوٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تحقیق کی قیادت کر رہی ہیں۔ COMSTECH کے تحت مسلم دنیا میں سائنسی تعاون کو فروغ دینے میں خواتین کا کردار قابلِ ستائش ہے، اور نرگس ماولوالا، تسنیم زہرا حسین اور مہیرہ عبدالغنی جیسی سائنسدانوں کا ذکر کیا۔
صدر زرداری نے کہا کہ خواتین کی سائنسی پیش رفت سے صحت، ماحولیات اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایاں بہتری ممکن ہے اور انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین پاکستان کے سائنسی مستقبل کو مزید مضبوط اور روشن بنانے میں اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔















