بنگلہ دیش کے الیکشن میں تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا، یونس

بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر نے الیکشن میں تشدد اور دباؤ کی کوششیں برداشت نہ کرنے کا اعلان کیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
بنگلہ دیش کے الیکشن میں تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا: یونس

ڈھاکا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس نے کہا ہے کہ انتخابی عمل میں تشدد یا ووٹرز پر دباؤ ڈالنے کی کوئی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی۔ عام انتخابات سے قبل قوم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنز پر قابض ہونے یا ووٹنگ میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف ریاست سخت کارروائی کرے گی۔

محمد یونس نے سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے اور من گھڑت مواد کے ذریعے بدامنی پھیلانے والوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ عبوری حکومت کا اقتدار منتقل نہ کرنے کا پروپیگنڈا بے بنیاد ہے، انتخابات کے فوری بعد اقتدار منتخب نمائندوں کے حوالے کر دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کا دن بنگلہ دیش کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے، قوم دو ووٹ ڈالے گی، ایک ووٹ نئی حکومت کے لیے اور دوسرا بنگلہ دیش کے مستقبل کے ریفرنڈم کے لیے ہوگا۔ انتخابات کے لیے 51 جماعتیں اور 2 ہزار سے زائد امیدوار میدان میں ہیں۔

بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پہلی بار سی سی ٹی وی کیمروں، باڈی کیمروں اور ڈرونز کا استعمال کیا جائے گا، اداروں کو امن برقرار رکھنے کے لیے خصوصی اختیارات تفویض کیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ بنگلہ دیش 12 فروری 2026ء کو عام انتخابات کی طرف جا رہا ہے، جنہیں ملک کی 55 سالہ تاریخ کے اہم ترین انتخابات میں شمار کیا جا رہا ہے، یہ انتخابات اگست 2024ء میں وزیراعظم شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد ہو رہے ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں