سندھ کابینہ نے انڈس ڈیلٹا کے 4 لاکھ ایکڑ کو محفوظ جنگلات قرار دے دیا۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سندھ کابینہ نے انڈس ڈیلٹا کے مزید 4 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے کو ‘محفوظ جنگلات’ قرار دے دیا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں ماحولیاتی تحفظ کے لیے محکمہ جنگلات و جنگلی حیات نے اہم پریزنٹیشن پیش کی۔
کابینہ نے ضلع سجاول کے 163,902 ہیکٹرز (405,002 ایکڑ) ساحلی اراضی کو محفوظ جنگلات قرار دینے کی منظوری دی۔ انڈس ڈیلٹا کے 566,298 ہیکٹرز پہلے ہی محفوظ قرار دیے جا چکے ہیں، جن میں ضلع ٹھٹو کا 241,374 ہیکٹر اور ضلع سجاول کا 324,924 ہیکٹر رقبہ شامل ہے۔
دوسری جانب، سندھ بھر میں کنزیومر کورٹس کو ٹریفک کورٹس قرار دینے کی منظوری دی گئی ہے تاکہ ای-چالان کے فوری فیصلے عمل میں لائے جا سکیں۔
کابینہ نے جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح اور آبادی میں تبدیلی کے تحت گرہور شریف (میرپورخاص) کی پولیس پوسٹ کو مکمل پولیس اسٹیشن بنانے کی منظوری بھی دی۔















