گردن پر سیاہ لکیریں سنگین صحت کے مسائل کی ابتدائی علامت ہو سکتی ہیں، جو انسولین ریزسٹنس یا ہارمونی عدم توازن کا نتیجہ ہو سکتی ہیں۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) گردن پر سیاہ لکیریں یا تہہ صرف صفائی کا مسئلہ نہیں بلکہ سنگین صحت کے مسائل کی ابتدائی علامت ہو سکتی ہیں۔ ماہرین صحت کے مطابق، یہ کیفیت جسے طبّی زبان میں ایکانتھوسس نگریکینس کہتے ہیں، انسولین ریزسٹنس، ہارمونی عدم توازن یا شوگر جیسے مسائل کا نتیجہ ہو سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق، جسم کے اندرونی مسائل جلد پر سیاہ لکیروں کی صورت میں ظاہر ہوتے ہیں اور یہ ذیابیطس، موٹاپے، تھائرائیڈ اور ہارمونی مسائل سے جڑے ہو سکتے ہیں۔
خواتین میں یہ علامات پولی سسٹک اووری سنڈروم (پی سی او ایس) کی نشاندہی کرتی ہیں، جبکہ وٹامن بی 12 کی کمی بھی جلد کے رنگ میں تبدیلی کا باعث بن سکتی ہے۔
ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ متوازن غذا، باقاعدہ ورزش اور چینی کا کم استعمال صحت کے لیے ضروری ہے، جبکہ طبی ٹیسٹس بھی وقتاً فوقتاً کروانے چاہئیں۔















