بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنا کر ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ انہوں نے لاہور میں آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں ناقابلِ شکست 50 رنز بنا کر سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا۔
بابر اعظم نے اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی 39ویں نصف سنچری مکمل کی۔ یہ ان کا 139واں میچ تھا، جبکہ کوہلی نے 125 میچز میں 38 نصف سنچریاں بنائی تھیں۔
اس فہرست میں بھارتی بلے باز روہت شرما 37 نصف سنچریوں کے ساتھ تیسرے، پاکستان کے محمد رضوان 31 کے ساتھ چوتھے اور آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر 29 نصف سنچریوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔
واضح رہے کہ بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی ہیں، انہوں نے 139 اننگز میں 39.51 کی اوسط سے 4505 رنز اسکور کیے ہیں۔















