سپریم کورٹ نے پولیس کو درخواستوں میں ‘بخدمت جناب ایس ایچ او’ لکھنے پر پابندی عائد کر دی، صرف ‘جناب ایس ایچ او’ لکھا جائے گا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سپریم کورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے پولیس کو درخواستوں میں ‘بخدمت جناب ایس ایچ او’ لکھنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ فیصلہ جسٹس صلاح الدین پنہور کی جانب سے تحریر کیا گیا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ایس ایچ او عوام کا خادم ہے، عوام اس کے نوکر نہیں، لہذا اب اسے صرف ‘جناب ایس ایچ او’ لکھا جائے گا۔ عدالت نے نوآبادیاتی سوچ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی آر درج کروانے والا شہری ‘اطلاع دہندہ’ ہوگا، ‘شکایت کنندہ’ نہیں۔
عدالتی فیصلے میں ‘کمپلیننٹ’ کی اصطلاح کو نجی فوجداری شکایت تک محدود کیا گیا ہے، جبکہ پولیس کارروائی میں ‘فریادی’ کا لفظ بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے کیونکہ یہ رحم مانگنے کا تاثر دیتا ہے۔
ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر ناقابلِ قبول قرار دی گئی ہے اور پولیس افسران کو سخت وارننگ دی گئی ہے کہ تاخیر پر PPC 201 کے تحت مقدمہ بن سکتا ہے۔ ریاستی رویے میں تبدیلی کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔















