اے آر رحمان نے نصرت فتح علی خان سے ملاقات کو روحانی تجربہ قرار دیتے ہوئے ان کی فنی عظمت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ممبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) عالمی شہرت یافتہ بھارتی موسیقار اے آر رحمان نے لیجنڈری پاکستانی قوال نصرت فتح علی خان سے ملاقات کو اپنی زندگی کے سب سے غیر معمولی اور روحانی تجربات میں سے ایک قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لمحہ کسی غیبی مدد جیسا محسوس ہوا۔\n\nاے آر رحمان نے برطانوی نجی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں نصرت فتح علی خان کی فنی عظمت اور شخصیت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں نصرت صاحب کے ساتھ ایک گانا ریکارڈ کرنے کا موقع ملا، لیکن افسوس کہ وہ صرف ایک ماہ بعد اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔\n\nرحمان نے مزید کہا کہ نصرت صاحب جب ممبئی آئے تو میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا، اور ان کے ساتھ وقت گزارنا میرے لیے علم و فن کے دروازے کھولنے جیسا تھا۔ نصرت صاحب نے ہارمونیم اور طبلہ منگوایا اور قوالی کے رموز سکھانا شروع کیے۔\n\nاے آر رحمان نے بتایا کہ اس نشست کی مشہور قوالی ‘تو کجا من کجا’ تھی، جس نے ناظرین کو مسحور کر دیا۔ رحمان کا کہنا تھا کہ نصرت فتح علی خان ایک زندہ ادارہ تھے اور ان کی موجودگی میں سیکھنا کسی نعمت سے کم نہیں تھا۔















