لاہور ہائیکورٹ نے ماحولیاتی آلودگی سے متعلق کیس میں پی ایچ اے کو پارکوں میں کاروباری سرگرمیاں روکنے کا حکم دیا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پی ایچ اے کو پارکوں میں کاروباری سرگرمیاں روکنے کا حکم جاری کیا۔ یہ حکم سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران دیا گیا۔ عدالت نے داتا دربار کے سامنے درختوں کی کٹائی کے معاملے کی انکوائری کا بھی حکم دیا۔
جسٹس شاہد کریم نے پی ایچ اے، محکمہ ماحولیات اور جوڈیشل کمیشن کے ممبر سید کمال حیدر کو طلب کیا۔ ممبر جوڈیشل کمیشن نے بتایا کہ پی ایچ اے نے 38 واٹر ٹینکس کو فعال کیا ہے جبکہ دو واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کو سیل کر دیا گیا ہے۔
عدالت نے حکم دیا کہ پارکس میں کاروباری سرگرمیاں بند کی جائیں کیونکہ یہ پی ایچ اے کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔ عدالت نے مزید کہا کہ کوئی بھی منصوبہ شروع کرنے سے پہلے جوڈیشل کمیشن سے مشاورت کی جائے۔















