جرمنی کے صدر نے امریکی پالیسیوں کو عالمی قوانین اور جمہوریت کے لیے خطرہ قرار دیا۔
برلن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جرمنی کے صدر فرینک والٹر اسٹین مائر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خارجہ پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو لٹیروں کے ٹھکانے میں تبدیل ہونے سے بچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
برلن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، جرمن صدر نے خبردار کیا کہ اگر عالمی قوانین اور اتحاد کو نظرانداز کیا گیا تو طاقتور ممالک کمزور ریاستوں کو اپنی مرضی کے تابع کرلیں گے۔
جرمن صدر نے مزید کہا کہ روس کے کریمیا سے الحاق اور یوکرین پر حملے کے بعد، امریکی حالیہ پالیسیاں بھی قواعد پر مبنی عالمی نظام، بین الاقوامی اقدار اور جمہوریت کے لیے شدید خطرہ بن چکی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر عالمی اتحاد اور بین الاقوامی قانون کو مضبوط نہ رکھا گیا تو طاقتور ریاستیں چھوٹے ممالک پر دباؤ ڈالیں گی، جس سے خودمختاری اور جمہوریت کمزور ہوگی اور عالمی نظام انتشار کا شکار ہو جائے گا۔
انہوں نے یورپ کو عالمی قوانین کے دفاع میں واضح اور متحد مؤقف اختیار کرنے پر زور دیا۔












