سال 2025 میں دنیا بھر سے 24 ہزار 600 بھارتی شہری ڈی پورٹ ہوئے، جن میں سب سے زیادہ سعودی عرب سے تھے۔ وجوہات میں ویزا کی مدت سے زائد قیام اور ورک پرمٹ کی خلاف ورزی شامل ہیں۔
نئی دہلی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سال 2025 کے دوران دنیا کے مختلف ممالک سے 24 ہزار 600 سے زائد بھارتی شہریوں کو ڈی پورٹ کیا گیا ہے، وزارتِ خارجہ نے پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا میں یہ اعداد و شمار پیش کیے۔
سب سے زیادہ ڈی پورٹیشنز سعودی عرب سے ہوئیں، جہاں سے مجموعی طور پر 10 ہزار 884 بھارتی شہری واپس بھیجے گئے۔ ان میں ریاض سے 7 ہزار 19 جبکہ جدہ سے 3 ہزار 865 افراد شامل تھے۔
امریکا دوسرے نمبر پر رہا، جہاں سے 3 ہزار 812 بھارتی شہریوں کو ڈی پورٹ کیا گیا۔ متحدہ عرب امارات سے 1 ہزار 469 بھارتی شہری واپس بھیجے گئے، جو گزشتہ پانچ برسوں میں سب سے زیادہ تعداد بتائی گئی ہے۔
ڈی پورٹیشن کی وجوہات میں ویزا کی مدت سے زائد قیام، ورک پرمٹ کے بغیر ملازمت، اور لیبر قوانین کی خلاف ورزیاں شامل ہیں۔ جعلی نوکری آفرز، فرضی بھرتی، اور آجر سے فرار ہونا بھی وجوہات میں شامل ہیں۔
متحدہ عرب امارات نے 2024 میں ویزا ایمنسٹی اسکیم متعارف کرائی تاکہ غیر قانونی رہائش رکھنے والے افراد اپنی حیثیت درست کر سکیں یا جرمانے کے بغیر ملک چھوڑ سکیں۔














