چین کی میگنیٹک لیویٹیشن ٹرین نے ریکارڈ 700 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار دو سیکنڈ میں حاصل کی، نئی رفتار نے عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
بیجنگ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چین کی تیز ترین میگنیٹک لیویٹیشن ٹرین نے دو سیکنڈ میں 700 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
چین کی نیشنل یونیورسٹی آف ڈیفنس ٹیکنالوجی کے ماہرین نے اس کامیاب تجربے کو انجام دیا جس میں ٹرین نے انتہائی کم وقت میں غیر معمولی رفتار حاصل کی۔ تقریباً ایک ہزار کلوگرام وزن رکھنے والی گاڑی نے رفتار حاصل کرنے کے بعد خود کو باحفاظت روک لیا۔
یہ ٹرین سپر کنڈکٹنگ میگنیٹس کی مدد سے رگڑ کے بغیر پٹڑی سے اوپر معلق رہتی ہے، جس سے رفتار میں غیر معمولی اضافہ ممکن ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ اس منصوبے پر کام کرنے والی ٹیم گزشتہ دس برس سے اس ٹیکنالوجی پر تحقیق کر رہی ہے اور جنوری 2025 میں ایک سابقہ تجربے میں ٹرین نے 648 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کی تھی۔















