قاسم اور سلیمان خان کی سیاست میں شمولیت کا دعویٰ جھوٹا ثابت ہوا، AI سے تیار کردہ ویڈیو وائرل ہوئی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) عمران خان کے بیٹوں قاسم خان اور سلیمان خان سے منسوب ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں قاسم خان کی سیاست میں شمولیت کا اعلان بتایا گیا۔ تاہم تحقیق سے معلوم ہوا کہ یہ ویڈیو مصنوعی ذہانت سے تیار کی گئی ہے۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب Sky News پر قاسم اور سلیمان خان کے انٹرویو کا 23 سیکنڈ کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا۔ اس کلپ میں قاسم خان کو یہ کہتے دکھایا گیا کہ اگر ان کے والد کو نقصان پہنچا تو وہ سیاست میں آئیں گے۔ تاہم اصل انٹرویو میں ایسی کوئی بات شامل نہیں تھی۔
فیکٹ چیک کے دوران Sky News پر نشر ہونے والے مکمل انٹرویو کا جائزہ لیا گیا، جس میں قاسم خان نے اپنے والد کے نظریے اور کرپشن کے خلاف جدوجہد پر بات کی۔ انہوں نے سیاست میں شمولیت یا بدلہ لینے سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔
وائرل کلپ کو AI ڈیٹیکشن ٹولز سے گزارا گیا اور Hive Moderation نے اسے 99 فیصد AI جنریٹڈ قرار دیا۔ ویڈیو میں قاسم خان کی آواز کو سست کیا گیا، جو ڈیپ فیک ویڈیوز کی علامت ہے۔
حتمی طور پر فیکٹ چیک کا نتیجہ یہ ہے کہ قاسم اور سلیمان خان نے سیاست میں شمولیت کا کوئی اعلان نہیں کیا۔ ویڈیو گمراہ کن ہے اور عوام میں غلط تاثر پیدا کرنے کے لیے جدید AI ٹیکنالوجی سے تیار کی گئی ہے۔

![قاسم اور سلیمان خان کا سیاست میں شمولیت کا دعویٰ جھوٹا ثابت [Draft]](https://rightnow.pk/wp-content/uploads/2025/12/13181_2025-12-19_12-45-55.webp)













