ترکیہ کے وسطی زرعی علاقوں میں زمین دھنس رہی ہے، ہزاروں سنک ہولز کھیتوں کو نگل رہے ہیں، خشک سالی نے صورتحال کو مزید بگاڑ دیا ہے۔
انقرہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ترکیہ کے وسطی زرعی علاقوں میں زمین کے دھنسنے کا عمل تیز ہو گیا ہے جس سے ہزاروں سنک ہولز کھیتوں کو نگل رہے ہیں۔ خصوصاً خشک سالی سے متاثرہ کونیا کے میدانوں میں یہ سنک ہولز نمودار ہو رہے ہیں، جس سے زرعی زمینیں اور مقامی انفراسٹرکچر شدید متاثر ہیں۔
حالیہ سرکاری جائزے کے مطابق اب تک 684 بڑے سنک ہولز ریکارڈ کیے جا چکے ہیں جبکہ ڈرون تصاویر زمین کے دھنسنے کی رفتار میں اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق زمین کی پتھریلی تہہ، شدید خشک سالی اور زیر زمین پانی کے ضرورت سے زیادہ استعمال کی وجہ سے یہ مظہر پیدا ہوا ہے۔
کونیا میں موجود چٹانیں، جو پانی میں گھلنے والی کاربونیٹ اور جپسم پر مبنی ہیں، قدرتی غار بناتی ہیں۔ زیر زمین پانی کی کمی کے باعث یہ غار غیر مستحکم ہو کر سنک ہولز کا باعث بنتے ہیں۔
ماحولیاتی تبدیلی اور خشک سالی کی شدت نے بھی اس مسئلے کو بڑھا دیا ہے، جس کے سبب زیر زمین آبی ذخائر میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔
کونیا میں تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ زیر زمین پانی کی سطح میں کئی دہائیوں میں کمی آئی ہے، اور ہزاروں کنویں مسلسل پانی نکال رہے ہیں۔ یہ صورتحال سنک ہولز کی تعداد میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔















