راجر فیڈرر نے ریٹائرمنٹ کے تین سال بعد ٹینس کورٹ میں واپسی کا اعلان کیا ہے۔ وہ آئندہ سال آسٹریلین اوپن میں ایک خصوصی نمائشی میچ کھیلیں گے۔
زیورخ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ٹینس کے عظیم کھلاڑی راجر فیڈرر نے ریٹائرمنٹ کے تین سال بعد ٹینس کورٹ میں واپسی کا اعلان کر دیاہے۔ سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والے 44 سالہ فیڈرر آئندہ سال آسٹریلین اوپن میں ایک خصوصی نمائشی میچ کھیلیں گے، جس میں تین سابق عالمی نمبر ون اسٹارز بھی شامل ہوں گے۔
ایونٹ کے منتظمین کے مطابق فیڈرر ‘بیٹل آف دی ورلڈ نمبر ونز’ میچ کی قیادت کریں گے، جو 18 جنوری کو ٹورنامنٹ کے آغاز سے ایک رات پہلے منعقد ہوگی۔ اس موقع پر انہیں خراجِ عقیدت بھی پیش کیا جائے گا۔
فیڈرر نے اپنے کیریئر میں 20 گرینڈ سلیم ٹائٹلز جیتے ہیں، جن میں چھ آسٹریلین اوپن شامل ہیں۔ وہ اس نمائشی میچ میں آندرے آگاسی، پیٹ رافٹر اور لیٹن ہیووِٹ کے ساتھ شرکت کریں گے۔
فیڈرر نے کہا کہ آسٹریلیا میں دوبارہ کھیلنے اور مداحوں کے ساتھ یادگار لمحات بنانے کے لیے بے حد پرجوش ہیں۔ انہوں نے 2004، 2006، 2007، 2010، 2017 اور 2018 میں آسٹریلین اوپن کے ٹائٹلز جیتے تھے۔















