2025 میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمایاں فتوحات حاصل کیں، چھکے مارنے کی اوسط میں بھی بہتری آئی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) 2025 کا سال پاکستان کی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے لیے ترقی کا سال ثابت ہوا، جہاں ٹیم نے نمایاں فتوحات حاصل کیں اور ماڈرن ڈے کرکٹ کے انداز کو اپناتے ہوئے نظر آئی۔
اعداد و شمار کے مطابق، پاکستان کرکٹ ٹیم کی چھکے مارنے کی اوسط میں بہتری آئی، ٹیم نے 34 ٹی 20 میچز میں 3872 گیندوں پر 235 چھکے لگائے، یعنی ہر میچ میں اوسطاً 7 اور ہر 16 گیندوں پر ایک چھکا لگایا گیا۔
گزشتہ سال 2024 میں پاکستانی کھلاڑیوں نے 27 میچوں میں صرف 152 چھکے لگائے تھے، اور اوسطاً ہر 19 گیندوں پر ایک چھکا لگایا گیا جبکہ فی میچ چھکوں کی اوسط 6 سے کم تھی۔
2024 کے مقابلے میں 2025 کے اعداد و شمار سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان ٹیم کی ٹی 20 کھیلنے کے انداز میں واضح تبدیلی آئی جس میں ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی حکمت عملی کا اہم کردار رہا۔
پاکستان نے اس سال 34 ٹی 20 میچوں میں سے 21 میں فتوحات حاصل کیں، اور اگلے برس ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کی وائٹ بال کرکٹ میں بدلتی ہوئی حکمت عملی ترقی کا ثبوت ہے۔















