لودھراں میں 7 سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق، حکومتی اقدامات کا اعلان۔
لودھراں: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب کے شہر لودھراں کی تحصیل کہروڑ پکا کے علاقے دھنوٹ میں 7 سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہو گیا۔ بچہ اسکول جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوا۔ ریسکیو اہلکاروں نے بچے کو شدید زخمی حالت میں نکال کر فوری طور پر اسپتال منتقل کیا، جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ حفاظتی انتظامات کی کمی کے باعث پیش آیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا پیدا ہوگئی اور مکینوں نے حکومت پنجاب سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کی صدارت میں ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں مین ہولز کی حفاظت اور واٹر سپلائی مینجمنٹ پر غور کیا گیا۔ انہوں نے تمام اضلاع کے ایم ڈیز کو ہدایت جاری کی کہ ہر مین ہول کو ڈھکن سے ڈھانپا جائے، بصورت دیگر متعلقہ افسر ذمہ دار ہوگا۔
بلال یاسین نے کہا کہ مین ہولز کے حوالے سے شکایات پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔














