حنیف عباسی نے قوم و افواج کی دہشت گردی کے خلاف عزم کی تعریف کی اور پاکستان زندہ باد کہنے کی اہمیت پر زور دیا۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ کچھ لوگ اقتدار کی خواہش میں پاکستان زندہ باد کہنے سے ہچکچاتے ہیں۔
حنیف عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم اور پاک افواج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور مسلح افواج نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے بھارت کی ناکامیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دشمن آج بھی اپنے زخم چاٹ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں پراکسیز کے ذریعے کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور کچھ لوگ اس کا آلہ کار بن رہے ہیں۔ حنیف عباسی نے اپنی 25 سالہ قید کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی پاکستان کا برا نہیں سوچا، اللہ نے ہمیں عزت دی ہے۔
حنیف عباسی نے مزید کہا کہ 10 مئی کے بعد پاکستان کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے، مقبوضہ کشمیر، چین اور بنگلا دیش میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر سندھی، بلوچی، پختون، پنجابی اور سرائیکی کا ہے اور ہم ان لوگوں کو مانیں گے جو پہلے پاکستان کو مقدم رکھیں گے۔
وزیر ریلوے نے زور دیا کہ پاکستان میں بڑے لوگوں کو بڑی سزائیں ہوئیں لیکن کسی نے پاکستان کی برائی نہیں کی۔














