لیسکو میں خراب میٹرز کی تعداد میں اضافہ، نیپرا نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لیسکو چیف سے جواب طلب کرلیا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لیسکو میں خراب میٹرز کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جس سے صارفین کو بھاری اوسط بل موصول ہو رہے ہیں۔ لیسکو کے ایک لاکھ سے زائد سنگل و تھری فیز میٹرز ڈیفیکٹو قرار دیے جا چکے ہیں، جبکہ طویل عرصے تک میٹرز کی تبدیلی نہ ہونے کے باعث صارفین احتجاج کر رہے ہیں۔
نیپرا نے صورتحال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے لیسکو چیف محمد رمضان بٹ سے جواب طلب کیا ہے۔ نیپرا نے واضح کیا کہ خراب میٹرز کی بروقت تبدیلی لیسکو کی ذمہ داری ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ فوری طور پر میٹرز کا اسٹاک فراہم کیا جائے تاکہ غیر معمولی بلوں سے نجات حاصل ہو سکے۔
گزشتہ 6 ماہ سے لیسکو میں میٹرز کی شدید قلت ہے، جس کے باعث بجلی چوری کے مقدمات بھی سامنے آئے ہیں۔ دوسری طرف صارفین نے ڈیمانڈ نوٹس کی مد میں کروڑوں روپے جمع کرائے لیکن نئے کنکشن کے میٹرز نہیں لگ سکے۔
لیسکو دفاتر کے افسران کا کہنا ہے کہ نئی مینجمنٹ کی بروقت میٹرز کی ٹینڈرنگ نہ کرنے کے باعث یہ بحران پیدا ہوا ہے۔ لیسکو حکام سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔














