بھارت میں روسی صدر پیوٹن کے اعزاز میں سبزی خور عشائیہ دیا گیا، ثقافتی محفل بھی منعقد کی گئی۔
نئی دہلی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بھارتی صدر دروپدی مرمو نے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے اعزاز میں صدارتی محل راشٹرپتی بھون میں جمعے کو ایک شاندار ریاستی عشائیہ دیا۔ عشائیے میں وزیراعظم نریندر مودی سمیت بھارت کے دیگر اہم وزرا نے شرکت کی۔ یہ عشائیہ مکمل ویجیٹیرین مینیو پر مشتمل تھا۔
کھانے کا آغاز مرنگیلائی چارو سوپ سے ہوا، جبکہ اخروٹ کی چٹنی کے ساتھ کشمیری مورلز، پودینے کی چٹنی کے ساتھ کالے چنے کے کباب اور سبزیوں سے بھرے جھول موما پیش کیے گئے۔
مین کورس میں زعفرانی پنیر رول، پالک میتھی مٹر کا ساگ، تندوری آلو، اچاری بیگن، دال تڑکا، خشک میوہ زعفرانی پلاؤ اور مختلف روٹیاں شامل تھیں۔
میٹھے میں بادام کا حلوہ، کیسر پستہ قلفی، مرککو، گڑ سندیش، چٹنیاں اور مشروبات میں سنترہ، گاجر ادرک، اور چقندر کولرز شامل تھے۔
تقریب کے دوران ایک ثقافتی محفل بھی منعقد کی گئی، جس میں ہندوستانی کلاسیکی راگوں کو روسی دھنوں کے ساتھ پیش کیا گیا۔ عشائیے کے بعد پیوٹن دہلی سے روانہ ہوئے، جہاں بھارتی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے انہیں الوداع کہا۔














