بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کا بیانیہ کبھی ملک دشمن نہیں رہا اور ملک کا دفاع اہم ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ملک کا دفاع ہمارے لیے اہم ہے اور پی ٹی آئی کا بیانیہ کبھی ملک دشمن نہیں تھا اور نہ ہوگا۔ انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ان کے لیے یہ مایوسی کا باعث ہے کہ ریاستی ادارے اور سیاسی لوگ ایک دوسرے کو ذہنی مریض کہہ کر یا خطرہ سمجھ کر مخاطب کرتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر علی نے مزید کہا کہ پاکستان اور فوج دونوں ہمارے ہیں اور ہمیں ان کا عملی مظاہرہ کرنا چاہیے۔ یہ وقت ہے کہ سب ایک دوسرے کو تسلیم کریں، جگہ دیں اور اعتماد کے فقدان کو ختم کریں۔ انہوں نے جمہوریت پسند قوتوں سے اپیل کی کہ تناؤ کو کم کرنے میں کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ کچھ غیر متعلقہ افراد کے طرز عمل کو پی ٹی آئی اور اداروں کے درمیان تناؤ کا سبب نہیں بننا چاہیے۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی جیل میں ہیں، اور ان سے ملاقاتوں کی اجازت مل جائے تو حالات بہتر ہو سکتے ہیں۔ ملک مزید تناؤ اور انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔














