اڈیالہ جیل کے باہر بیٹھنے پر پابندی کا اعلان، خلاف ورزی پر گرفتاریاں ہوں گی۔ پی ٹی آئی پر پابندی عائد کرنے پر غور جاری۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اعلان کیا ہے کہ اڈیالہ جیل کے باہر لوگوں کو بیٹھنے سے روکنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، اور اس حکم کی خلاف ورزی پر گرفتاریاں عمل میں آئیں گی اور مقدمات درج کیے جائیں گے۔
عطا اللہ تارڑ نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیل کے باہر کسی بھی قسم کی ہنگامہ آرائی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا اب کوئی سیاسی وجود نہیں رہا، اور اس پر پابندی عائد کرنے پر قانونی مشاورت کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما سیاستدان نہیں بلکہ دہشت گرد ہیں، اور امن و امان کی بحالی کے لیے گورنر راج کا آپشن بھی موجود ہے۔ عطا تارڑ نے وضاحت کی کہ پی ٹی آئی نے مذاکرات کا موقع گنوا دیا ہے اور اب سول و ملٹری قیادت نے فیصلہ کر لیا ہے کہ موجودہ صورتحال کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے سوشل میڈیا پر بھی سختی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ جو شخص اپنا رویہ تبدیل نہیں کرے گا، اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کے بانی بھارت اور افغانستان کے لیے سپیس پیدا کرنا چاہتے ہیں۔














