پاکستان میں فیشن کے رجحانات تیزی سے بدل رہے ہیں، سادہ اور بجٹ فرینڈلی ٹرینڈز نوجوانوں، دفتری ملازمین اور خواتین میں مقبول ہیں۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان میں فیشن کے رجحانات تیزی سے بدل رہے ہیں، لیکن ہر کوئی مہنگے برانڈز افورڈ نہیں کر سکتا۔ اسی لیے سادہ اور بجٹ فرینڈلی فیشن ٹرینڈز نوجوانوں، دفتری ملازمین اور گھریلو خواتین میں مقبول ہو رہے ہیں۔ فیشن ایکسپرٹس کا کہنا ہے کہ کیپسول وارڈروب، جو کہ چند نیوٹرل رنگوں کے کپڑے پر مشتمل ہوتا ہے، سب سے بجٹ فرینڈلی ٹرینڈ ہے۔
کیپسول وارڈروب میں سفید، کالا، بیج اور خاکی رنگ شامل ہوتے ہیں، جنہیں مختلف جوتوں اور اسکارف کے ساتھ ملایا جا سکتا ہے۔ مثال کے طور پر ایک سادہ سفید شلوار قمیص کو مختلف جیکٹس، واسکٹ یا دوپٹوں کے ساتھ ملا کر ہر بار نیا لُک بنایا جا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ، پرنٹڈ دوپٹے اور اسکارف کا رجحان بھی کم بجٹ میں بہترین فیصلہ ہے۔ سادہ کیمرک یا کاٹن کی قمیص کو خوبصورت پرنٹڈ دوپٹے کے ساتھ ملا کر شخصیت میں نمایاں تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔
لوکل مارکیٹس جیسے لاہور کی انارکلی، کراچی کی زینب مارکیٹ یا اسلام آباد کا جناح سپر، کم بجٹ میں فیشن آئٹمز کے لیے بہترین جگہیں ہیں۔ یہاں جینز، بیسک شرٹس، کھلتے رنگوں کے اسکارف، آرٹیفیشل جیولری اور ہلکی جیکٹس مل جاتی ہیں۔
اپ سائیکلنگ، یعنی پرانے کپڑوں کو نیا ڈیزائن دینا، بھی بجٹ فرینڈلی فیشن کا اہم حصہ ہے۔ آرٹیفیشل جیولری میں سادہ بریسلیٹس، رنگین بالیاں یا کلاسک رنگ کی گھڑیاں شامل ہیں جو لُک کو مزید جاذب نظر بناتی ہیں۔ ایکسپرٹس کا کہنا ہے کہ اچھا فیشن وہی ہے جو آپ کی شخصیت اور جیب دونوں کے مطابق ہو۔















