فیصل آباد کی خاکروب نصرت بی بی کی ایمانداری کی مثال قائم کردی

فیصل آباد کی نصرت بی بی نے کوڑے سے ملے نو لاکھ روپے مالک کو واپس کر کے ایمانداری کی مثال قائم کی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

فیصل آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) فیصل آباد کی خاتون خاکروب نصرت بی بی نے کوڑا دان سے ملنے والے نو لاکھ روپے ان کے مالک کو واپس کرکے ایمانداری کی مثال قائم کردی۔

نصرت بی بی صوبائی حکومت کے ستھرا پنجاب منصوبے کی ملازمہ ہیں اور ان کا کام صوبے کے مختلف شہروں میں صفائی کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں محلہ نگہبان پورہ کی گلی میں کوڑے سے ایک پیکٹ ملا جس میں نوٹوں کی گڈیاں تھیں۔ نصرت بی بی نے اپنے سپروائزر کو مطلع کیا جنہوں نے مالک کو تلاش کر کے رقم واپس کی۔

ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے نصرت بی بی کی ایمانداری پر انہیں تین لاکھ روپے انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ دیا اور ان کے بیٹے کو ضلعی انتظامیہ میں نوکری دینے کا اعلان کیا۔

پانچ بچوں کی ماں نصرت بی بی نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ رزق حلال کھایا اور بچوں کو بھی وہی کھلایا ہے۔ افسران کی حوصلہ افزائی پر وہ بہت خوش ہیں۔

امریکی جریدے فوربز نے ستھرا پنجاب پروگرام کو دنیا کا بڑا منظم ویسٹ مینجمنٹ سسٹم قرار دیا ہے جو روزانہ 50 ہزار ٹن کچرا ٹھکانے لگاتا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں