سوئی میں کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت 100 سے زائد افراد نے ہتھیار ڈال کر ریاست سے وفاداری کا حلف لیا۔
سوئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بلوچستان کے علاقے سوئی میں کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت ایک سو سے زائد افراد نے ہتھیار ڈال دیے۔ مسلح افراد نے اسلحہ چھوڑ کر پاکستان کا جھنڈا تھام کر ریاست سے وفاداری کا حلف لیا۔ کمانڈر وڈیرہ نور علی چاکرانی اور ان کے ساتھیوں نے اسلحہ میر آفتاب احمد بگٹی کے حوالے کیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کمانڈر اور ان کے ساتھیوں کو قومی دھارے میں شامل ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ لوگ پاکستان کا پرچم اٹھا کر امن کے سفر کا آغاز کر چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست نے بات چیت کے دروازے بند نہیں کیے اور بلوچستان میں ریاست مخالف عناصر کے خلاف آپریشنز جاری ہیں۔
سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ ہتھیار ڈالنے والوں کو گلے لگانے کا عمل جاری ہے، جبکہ جو ریاست کی نرمی کو کمزوری سمجھے گا، اس کا آخری دم تک تعاقب کیا جائے گا۔















