بیرسٹر گوہر نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اداروں اور سیاسی قیادت کا ایک دوسرے کو ذہنی مریض کہنا افسوسناک ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی حالیہ پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ انہیں امید تھی کہ تعلقات میں بہتری آئے گی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس سے مایوسی ہوئی ہے، ہمیشہ امید رکھی کہ تناؤ کم ہو اور تعلقات میں بہتری آئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا بیانیہ کبھی ملک دشمن نہیں رہا، اداروں اور سیاسی قیادت کا ایک دوسرے کو ذہنی مریض کہنا افسوسناک ہے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ پاکستان اور فوج دونوں ہی ہماری ہیں، اس وقت سب کو ایک دوسرے کو تسلیم کرنے اور جگہ دینے کی ضرورت ہے اور اعتماد کے فقدان کو ختم کرنا ہوگا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے جمہوریت پسند قوتوں سے اپیل کی کہ وہ اس تناؤ کو کم کرنے میں کردار ادا کریں اور غیر متعلقہ افراد کا کردار پی ٹی آئی اور اداروں کے درمیان تناؤ کا سبب نہ بنے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ملاقاتوں کی اجازت دی جائے، تاکہ صورتحال بہتر ہو سکے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملک مزید تناؤ اور انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔














