دنیا بھر کی مختلف جیلوں میں 21 ہزار 647 پاکستانی قید ہیں، وزیر خارجہ نے قومی اسمبلی میں انکشاف کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں تحریری جواب جمع کراتے ہوئے بتایا کہ دنیا بھر کی مختلف جیلوں میں 21 ہزار 647 پاکستانی شہری قید ہیں۔ ان میں سزا یافتہ افراد کے علاوہ وہ بھی شامل ہیں جن کے مقدمات عدالتوں میں زیرِ سماعت ہیں۔
وزیر خارجہ کے مطابق سعودی عرب میں سب سے زیادہ 10 ہزار 745 پاکستانی قید ہیں، جن میں کچھ سزا یافتہ جبکہ بڑی تعداد زیرِ سماعت مقدمات کا سامنا کر رہی ہے۔ متحدہ عرب امارات کی جیلوں میں 5 ہزار 297 پاکستانی بند ہیں، تاہم وہاں پاکستانی شہریوں کے جرائم کی نوعیت کی تفصیلات موجود نہیں۔
بھارتی جیلوں میں 738 پاکستانی قید ہیں، جبکہ چین میں 652 پاکستانی منشیات اسمگلنگ اور جعلی کرنسی کے مقدمات میں گرفتار ہیں۔ قطر، عمان، ملیشیا اور اٹلی میں بھی متعدد پاکستانی قید ہیں۔
تحریری جواب کے مطابق دنیا بھر میں قید پاکستانیوں میں سے 13 ہزار 78 افراد کے مقدمات زیرِ سماعت ہیں جبکہ 8 ہزار 569 پاکستانی سزا یافتہ قرار پائے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بیرون ملک گرفتار پاکستانیوں کو قونصلر رسائی اور قانونی معاونت کی فراہمی کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔















