حکومت کی پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش، رانا ثناء اللہ کا بیان

حکومت نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دوبارہ پیشکش کی ہے، رانا ثناء اللہ نے جمہوریت میں ڈائیلاگ کی اہمیت پر زور دیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)حکومت نے پارلیمنٹ کے فورم پر پی ٹی آئی کو دوبارہ مذاکرات کی دعوت دی ہے۔ وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مذاکرات کا آپشن اب بھی موجود ہے، آئیں بیٹھ کر بات کریں۔ انہوں نے کہا کہ جن سے بانی پی ٹی آئی بات کرنا چاہتے ہیں وہ ان سے بات نہیں کرنا چاہتے۔

سینیٹ اجلاس میں پی ٹی آئی سینیٹر مشعال یوسفزئی نے مطالبہ کیا کہ رانا ثناء کی سربراہی میں پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے جو بانی پی ٹی آئی کی صحت اور سہولیات کا جائزہ لے۔

رانا ثناء اللہ نے جواب میں کہا کہ جمہوریت ڈائیلاگ سے آگے بڑھتی ہے، ڈیڈلاک سے نہیں۔ وزیراعظم نے دو بار فلور آف دی ہاؤس پر بات چیت کی دعوت دی، یہاں تک کہ اسپیکر کے چیمبر میں بیٹھنے کی بھی پیشکش کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ہم سے بات کرنے کو تیار نہیں، جن سے وہ بات کرنا چاہتے ہیں وہ راضی نہیں۔ قیدی سے ملاقات سے متعلق کچھ امور پہلے طے ہونا ضروری ہیں، اور بانی سے ملاقات کے بعد کی گفتگو بھی سب کے سامنے ہے۔

رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ کسی قیدی کو ریاست کے خلاف تحریک چلانے کے لیے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

دیگر متعلقہ خبریں