فخر زمان کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ، میچ فیس کا دس فیصد کٹوتی اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ شامل ہوا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان کے اوپننگ بلے باز فخر زمان کو سری لنکا کے خلاف ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل میں آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا گیا ہے۔
فخر زمان نے میچ کے اہم مرحلے میں آؤٹ دیئے جانے پر ایمپائر سے بحث کی جو کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.3 کی خلاف ورزی ہے۔
یہ خلاف ورزی لیول ون کی کیٹیگری میں شامل ہے جو کھیل کے دوران نظم و ضبط اور ایمپائرز کے فیصلوں کے احترام سے متعلق ہے۔ فخر زمان پر میچ فیس کا دس فیصد جرمانہ اور ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ شامل کیا گیا ہے۔
آئی سی سی قوانین کے مطابق دو سال میں چار ڈی میرٹ پوائنٹس ہونے پر کھلاڑی کو ایک میچ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پاکستانی بلے باز کو ایل بی ڈبلیو قرار دیا گیا، جس پر فخر زمان نے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے اعتراض اٹھایا۔ ایمپائر کی رپورٹ پر میچ ریفری نے سزا کا فیصلہ سنایا۔















