لانڈھی میں گارمنٹس فیکٹری میں شدید آگ بھڑک اٹھی، 14 فائر ٹینڈرز مصروف عمل ہیں۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) شہر کے صنعتی علاقے لانڈھی میں ایک گارمنٹس فیکٹری میں شدید آگ بھڑک اٹھی، جسے تیسرے درجے کی آگ قرار دیا گیا ہے۔ آگ بجھانے کے لیے 14 فائر ٹینڈرز مصروف عمل ہیں اور شہر بھر سے مزید فائر ٹینڈرز طلب کیے گئے ہیں۔
فائر بریگیڈ کے عملے نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ آگ کی شدت کے پیش نظر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے اضافی فائر ٹینڈرز طلب کیے گئے ہیں تاکہ آگ بجھانے کا عمل تیز کیا جا سکے۔
ریسکیو حکام نے بتایا ہے کہ فیکٹری کے تمام ملازمین کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے۔ فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 نے فوری مدد کے لیے واٹر کارپوریشن سے رابطہ کیا ہے، جبکہ لانڈھی ہائیڈرنٹ پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
واٹر کارپوریشن نے فوری طور پر واٹر ٹینکرز جائے وقوعہ پر روانہ کر دیے ہیں اور آگ بجھانے کے عمل میں فائر بریگیڈ کے ساتھ تعاون جاری رکھا ہے۔ فائر بریگیڈ کو بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔















