وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو اڈیالہ جیل میں داخلے سے روک دیا گیا، این ایف سی اجلاس میں خیبر پختونخوا کے مالی حقوق پر بات چیت کی۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے مگر پولیس نے انہیں جیل میں داخل ہونے سے روک دیا۔
اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ این ایف سی اجلاس کے فوراً بعد راولپنڈی پہنچے ہیں تاکہ خیبر پختونخوا کے مالی شیئر اور آئینی حقوق کے معاملے پر بات کریں۔
انہوں نے اجلاس میں مؤقف اختیار کیا کہ 25ویں آئینی ترمیم کے تحت ضم شدہ قبائلی اضلاع کا مالی حصہ تاحال صوبے کو نہیں ملا اور خیبر پختونخوا کے آئینی حق سے انحراف غیر آئینی عمل ہے۔
سہیل آفریدی نے مزید بتایا کہ 8 دسمبر تک سب کمیٹی قائم کرنے اور این ایف سی کا اگلا اجلاس جنوری کے وسط میں کرنے پر اتفاق ہوا ہے، جہاں وہ دوبارہ یہ معاملہ اٹھائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے باعث خیبر پختونخوا سب سے زیادہ متاثر ہوا، اس کے باوجود باقی صوبوں کو ان کا حصہ مل رہا ہے جبکہ کے پی کو نہیں، تاہم وفاق نے یقین دہانی کرائی ہے کہ صوبے کو اس کا حق ملے گا۔














