بلوچستان حکومت نے بیرون ملک کالعدم تنظیموں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
کوئٹہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) حکومت بلوچستان نے بیرون ملک موجود کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کا عزم کرلیا ہے۔ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اجلاس میں دہشتگرد نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں بیرون ملک دہشتگرد قیادت کے مقامی سہولت کاروں سے رابطوں کی تفصیلات اور شواہد پیش کیے گئے۔ کالعدم تنظیموں کے سربراہان اور دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ ہوا۔
اعلامیے کے مطابق، کالعدم بی ایل اے، بی ایل ایف، یو بی اے، بی آر جی اور لشکر بلوچستان کی قیادت کے خلاف درج مقدمات کی پراسیکیوشن تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔
وفاقی وزارت داخلہ و خارجہ کی مدد سے انٹرپول کے ذریعے ریڈ نوٹسز کی کارروائی تیز کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ دہشتگردی میں ملوث مقامی سہولت کاروں کے خلاف کارروائی پروونشل ایکشن پلان کی گائیڈ لائن کے تحت کی جائے گی۔















